کوئٹہ۔ 31 جنوری۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو پیر کے روز پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر گئےجہاں انہوں نے ان سے تفصیلی ملاقات کی دونوں رہنماؤں نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال، درپیش مسائل اور وسائل کو بروئے کار لانے سے متعلق اُمور سمیت ملک اور صوبے کی سیاسی صورتحال اور اہم صوبائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا وزیراعلیٰ نے چیئرمین پی کے میپ کو حکومت کی ترقیاتی پالیسی اور ریکوڈک منصوبے کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیاپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی ملاقات میں موجود تھےوزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشتون اور بلوچ اقوام کا امتزاج ہمارے صوبے کا حسن ہے دونوں قومیں اس صوبے کی حقیقی وارث ہیں دونوں اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد صوبے کی ترقی،خوشحالی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر ایک ساتھ ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں ترقی کا وسیع جال بچھانے کے لیے جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کی طرز پر شمالی بلوچستان ترقیاتی پیکیج بھی شروع کیا جائے گا تاکہ صوبے میں یکساں ترقی کا عمل جاری رہےملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ صوبے کی سب سے بڑی ضرورت پانی کے وسائل کی ترقی ہے جسکے لیۓ ڈیموں کی تعمیر کو ترجیح دی جاۓ گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارڈر سے وابستہ افراد کے روزگار کو بھی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور صوبے بھر میں 80 فیصد چیک پوسٹوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ان کی جماعت صوبے اور عوام کے مفاد کے تناظر میں صوبائی حکومت کے ہر اچھے اقدام کی حمایت کرتے ہوۓ مکمل تعاون فراہم کرے گی وزیر اعلیٰ نے محمود خان اچکزئی کو پارٹی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی کے میپ نےانکی رہائش گاہ آمد پر وزیراعلئ کا شکریہ ادا کیا قبل ازیں وزیراعلئ کا چئیرمین پی کے میپ کی رہائیش گاہ پہنچنے پر پارٹی رہنماؤں نے پرتپاک خیر مقدم کیا
